کویت سٹی،24جولائی(آئی این ایس انڈیا): ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے خلیج فارس کی عرب ریاستوں میں پیدا ہونے والے بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ وہ اس مناسبت سے پہلے سے ثالثی کے عمل میں شریک عرب ریاست کویت پہنچ گئے ہیں۔ کویت پہنچ کر انہوں نے ریاستی امیر شیخ صباح الاحمد الصباح سے ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات میں قطری بحران کے مختلف پہلووں کو زیر بحث لایا گیا۔ کویت پہنچنے سے قبل اتوار تیئیس جولائی کو انہوں نے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ کر سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی تھی۔ سعودی بادشاہ کے ساتھ ترک صدر نے بحران کے حل کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی، انتہا پسندی اور ان کی مالی سرپرستی کے موضوعات پر بات کی۔ وہ آج پیر کے روز قطر پہنچیں گے۔